سحری کا انمول تحفہ
سوال
سحری کے وقت کی یہ ایک دعا بہت زیادہ پھیلائی جارہی ہے، کیا یہ مستند ہے؟
سحری کا انمول تحفہ:
سحری کے وقت سات بار یہ دعا پڑھیں:
لا اِلٰهَ اِلاَّ اللهُ الحَیُّ القَیُّومُ القَائِمُ عَلٰی کُلِّ نَفْسٍ بِمَا کَسَبَتْ.
ترجمہ: کوئی عبادت کے لائق نہیں سوائے اللہ عزوجل کے جو زندہ اور قائم ہے ہر نفس پر جو اس نے کمایا حاضر ہے۔
تاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس دعا کے پڑھنے والے کو اللہ عزوجل بہ شمار ہر ستارے کے بقدر ایک ایک ہزار نیکیاں عطا فرماتا ہے، اتنے ہی گناہ مٹاتا ہے، اور اسی قدر اس کے درجات بلند فرماتا ہے۔ (انیس الواعظین)
کیا مذکورہ بالا روایت اور دعا درست ہے؟
الجواب باسمه تعالی
سوال میں مذکور حدیث اور دعا باوجود تلاش بسیار کے سوائے انیس الواعظین نامی کتاب کے کہیں بھی نہ مل سکی، یہ روایت انیس الواعظین کے ترجمے جلیس الصالحین کے صفحہ نمبر 46 پر بغیر کسی سند کے منقول ہے.
متأخرین کی کتابوں میں کسی روایت کا موجود ہونا:
علمائےکرام نے اس بات کو واضح طور پر ذکر کیا ہے کہ تدوینِ حدیث کے بعد کسی روایت کا حدیث کی مشہور کتب میں موجود نہ ہونا اور بغیر سند کے کسی متأخر کتاب میں نقل ہونا اس روایت کے عدم صحت کو مستلزم ہے.
کتاب انیس الواعظین کا درجہ:
یہ فارسی زبان کی وعظ و نصیحت کی کتاب ہے، اس کے مصنف علامہ ابوبکر بن محمد بن علی بدر القرشی السندھی ہیں،
ہمارے سامنے اس کے دو ترجمے موجود ہیں.
نفیس الواعظین محمد منشا تابش قصوری کا،
جلیس الناصحين محمد برکت اللہ لکھنوی صاحب کا
یہ کتاب بنیادی طور پر وعظ اور نصیحت کیلئے لکھی گئی ہے، اس کتاب کے مطالعے کے بعد یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ یہ کتاب رطب ویابس، صحیح، ضعيف اور من گھڑت روایات کا ایک مجموعہ ہے، بلکہ بندہ کی ناقص نظر میں اس کتاب میں صحیح اور ضعیف سے زیادہ من گھڑت روایات کی بھرمار ہے.
اس سے قبل عبقری نامی (موجودہ زمانے کے گمراہ کن) شخصیت کی کتاب (آسان نیکیوں) پر تبصرہ کرتے ہوئے یہی بات کہی تھی کہ اس جیسی کتب کو کسی صورت پڑھنا اور پھیلانا درست نہیں.
خلاصہ کلام
انیس الواعظین نامی کتاب انتہائی کمزور روایتوں سے بھری کتاب ہے، اس کتاب کی نسبت سے آپ علیہ السلام کا کوئی قول یا روایت بغیر تحقیق نقل کرنا جائز نہیں.
لہذا اس فضیلت کو آپ علیہ السلام کی طرف منسوب کرنا، اسکو پھیلانا اور اسکو بیان کرنا بلکل بھی درست نہیں.
واللہ اعلم بالصواب
کتبہ: عبدالباقی اخونزادہ
٧ اپریل ٢٠٢٢ کراچی