آنسو کے ایک قطرے کی قیمت
سوال: ایک روایت نقل کی جاتی ہے کہ آپ علیہ السلام نے فرمایا کہ جبریل علیہ السلام نے فرمایا کہ ہم انسان کے سب اعمال کا وزن کریں گے مگر رونے کا نہیں، کیونکہ اللہ تعالی ایک آنسو سے جہنم میں آگ کے کئی سمندر بجھادیں گے. (مسند احمد) اس روایت کی تحقیق مطلوب ہے…
الجواب باسمه تعالی
سوال میں مذکور روایت فرقد السبخی رحمه اللہ کی طرف منسوب ہے کہ انہوں نے فرمایا کہ ہم تک یہ بات پہنچی ہے کہ آنسو کا ایک قطرہ آگ کے سمندر کو بجھا دیتا ہے.
حدثني محمد حدثنا أبوعمر الضرير قال حدثنا عتبة ابن عبدالله الأصم قال: سمعت فرقد السبخي يقول: بلغنا أن الأعمال كلها توزن إلا الدمعة تخرج من عين العبد من خشية الله فإنه ليس لها وزن ولا قدر وإنه ليطفأ بالدمعة البحور من النار. (کتاب الرقة والبكاء لابن ابى الدنيا).
خلاصہ کلام
ہماری تحقیق کے مطابق ان الفاظ کا آپ علیہ السلام کی طرف منسوب ہونا کسی بھی مستند کتاب میں موجود نہیں، لہذا اس کی نسبت آپ علیہ السلام کی طرف کرنا درست نہیں.
واللہ اعلم بالصواب
کتبہ: عبدالباقی اخونزادہ
١١ نومبر ٢٠١٨